تازہ ترین
October 19, 2017

تحریر: سمیع کاکڑ


سوال۔بلوچستان سے آپکو کیا یاد آتا ہے؟
جواب۔ وہ سب بہت غریب ہیں
سوال۔خیبر پشتونخوا سے کیا مراد لیتے ہیں؟
جواب۔ عمران خان
سوال۔پنجاب میں کیا ہوتا ہے؟
جواب۔ میلے۔بسنت۔ورلڈریکارڈ۔موٹروے
سوال۔طالبا ن کون لوگ ہیں؟
جواب۔ ہمارے کرموں کا پھل
سوال۔ماما قدیر سے آپ کے ذہن میں کیا آتا ہے؟
جواب۔ ناٹو۔آزادی۔بے بسی
سوال۔کوئٹہ کہا ں ہے؟
جواب۔ ایبٹ آباد میں
سوال۔روس کو کس نے شکست دی؟
جواب۔ سٹنگر میزائیل نے
سوال۔قائداعظم ریزیڈنسی کو کیوں جلایا گیا؟
جواب۔ یہ کہاں ہے
سوال۔آپ تفریح کے لئے زیارت جانا پسند فرمائیں گے؟
جواب۔ میں ذیادہ مذہبی نہیں ہوں بس ایک دو دفعہ داتا دربار گیا ہوں
سوال۔ماما قدیر کے بارے میں کچھ تو بتائیں؟
جواب۔ پتہ نہیں، شاید کسی مطالبے کے لئے بھوک ہڑتال کر رہیں ہیں

سوال۔وزیرستان سے لوگ نقل مکانی کیوں کر رہے ہیں؟
جواب۔ پتہ نہیں لیکن ہم بہت پریشان ہیں
سوال۔وہ کیوں؟
جواب۔ وہ پنجاب اور سندھ کے پرامن شہروں کو خراب نہ کر دیں
سوال۔کراچی سے کیا مراد ہے؟
جواب۔ الطاف بھائی
سوال۔کیا آپ عبدالستار ایدھی کو جانتے ہیں؟
جواب۔ جی ہاں۔ وہ ایمبولنس چلاتا ہے
سوال۔شیخ رشید کون ہے؟
جواب۔ مشرف کی پارٹی کا صدر
سوال۔چوہدری شجاعت کو آپ جانتے ہیں؟
جواب۔ میرے خیال میں چوہدری افتخار اور چوہدری اعتزاز کا بھائی ہے
سوال۔عمران خان کیوں وزیراعظم نہیں بن سکے؟
جواب۔ کیونکہ لوگوں کو پتہ نہیں تھا کہ اس نے ورلڈ کپ جیتا
سوال۔لاہوری اور پشاروی میں فرق؟
جواب۔ اتنا ہی جتنا آرمی اور ایف سی میں ہے
سوال۔منور حسن کون ہے؟
جواب۔ وزیرستان کا ناظم اعلی
سوال۔انڈیا کا پنجاب ذیادہ زرخیز ہے یا پاکستان کا؟
جواب۔ تو کیا دونوں میں کوئی فرق ہے ؟

سوال۔سندھ مدرستہ اسلام اور قائد اعظم میں کیا تعلق ہے؟
جواب۔ معاف کیجیئے گا۔ قائد اعظم مدرسہ میں نہیں پڑھے ہیں
سوال۔ڈرون حملے کب بند ہونگے؟
جواب۔ جب شریعت آئے گی
سوال۔بلوچستان کیوں پسماندہ ہے؟
جواب۔ ہم کو آذادی دو
سوال۔کامریڈ کسے کہتے ہیں؟
جواب۔ کافروں کے ساتھی کو
سوال۔خبرناک کیا چیز ہے؟
جواب۔ پنجاب ثقافتی پروگرام
سوال۔زاہد حامد کون ہے؟
جواب۔ ڈرائینگ روم کا مجاہد
سوال۔شہید کسے کہتے ہیں؟
جواب۔ گھر کی حفاظت کرتے ہوئے اگر کتا مر جائے تو اسے شہید کہتے ہیں
سوال۔ثنا بُچہ کون ہے؟
جواب۔ بچہ ثُقہ کی بہن۔شاید
سوال۔آجکل کے نعت آپکو کیسے لگتے ہیں؟
جواب۔ آجکل کے اسلامی گانے بہت سریلے ہوتے ہیں
سوال۔طاہر القادری کیسے آدمی ہیں؟
جواب۔ انکو اکیڈمی ایوارڈ دیا جانا چاہیئے
سوال۔لیکن اکیڈمی ایوارڈ تو اداکاروں کو دیا جاتا ہے؟
جواب۔ اسی لئے تو کہہ رہیں ہیں

سوال۔اسفندیار ولی غفارخان کے جرّی پوتے ہیں؟
جواب۔ جّری غفارخان کے پوتے ہیں
سوال۔ایزی لوڈ کسے کہتے ہیں؟
جواب۔ سرخ پوش پرچارک
سوال۔اسلم رئیسانی اور ہیروینچی میں کیا فرق ہے؟
جواب۔ رئیسانی صاحب زرداری کے بلوچستان کے وزیراعلی تھے
سوال۔نواب اور سردار میں فرق واضح کیجئے؟
جواب۔ گورا آقا اور کالا آقا
سوال۔آپکو انگریز اچھے لگتے ہیں یا امریکی؟
جواب۔ سعودی
سوال۔پشتون سبز چائے کیوں پسند کرتا ہے؟
جواب۔ کیونکہ سبز باغ میں حوریں ذیادہ ہوتی ہیں
سوال۔رحمان ملک پسند ہیں یا انکا ہئیر کٹ؟
جواب۔ اُنکی اُردو
سوال۔وفاقی کابینہ میں پنجاب کی ذیادہ نمائندگی کی کوئی خاص وجہ؟
جواب۔ مشرقی پاکستان کی نمائندگی کم ہوا کرتی تھی اس لئے وہ تڑی پار ہوگئے۔ لوگوں نے سوچا دوبارہ یہ نہ ہو اس لئے
سوال۔غیرملکی کرکٹ ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں۔ اسکے پیچھے کس کی سازش ہے؟
جواب۔ کیا پاکستان کی ٹیم فاٹا یا بلوچستان جانے کو تیار ہے؟

سوال۔سعادت حسن منٹو کو آپ جانتے ہیں؟

جواب۔ زندیق فحش نگار
سوال۔دھوم فلم آپ نے دیکھی ہے؟
جواب۔ دو بار۔کترینا نے کمال رقص کیا ہے
سوال۔بلاول زرداری ہے یا بھٹو؟
جواب۔ ایک شرط پے کھیلوںگی پیا پیار کی بازی۔جیتوں تو تجھے پائوں ہاروں تو پیا تیری
سوال۔ذوالفقار مرزا جانباز ہے یا جیالا؟
جواب۔ حافظ قران
سوال۔مولانا فضل الّرحمٰن کو کیک ذیادہ پسند ہے یا حلوہ؟
جواب۔ دونوں بشرطیکہ کرسی پر بیٹھ کر کھانے کو ملے
سوال۔ جنرل ضیاء الحق اورجنرل مشرف میں کیا فرق ہے؟
جواب۔ پہلا مرد مجاہد اور دوسرا کسی سے ڈرتا ورتا نہیں
سوال۔کوئٹہ میں بے گناہ ہزارہ کو کیوں قتل کیا جارہا ہے؟
جواب۔ آپ کی بات سے عرب اور فارس کے پیٹرول کی بو آرہی ہے
سوال۔پاکستان کے پشتون کبھی کبھی خود کو افغان بھی کہتے ہیں،ایسا کیوں؟
جواب۔ وہ ایسے جیسے رنجیت سنگھ سکھ بھی تھا اور پنجابی بھی۔

نوٹ: یہ تحریرممتاز پشتون دانشورجعفرخان اچکزئی کی کتاب ’’سوالاً جواباً‘‘ سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے